غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری

image

غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری، حملوں کے نتیجے میں مزید 38 فلسطینی شہید، 7 اکتوبر سے اب تک فلسطینی شہدا کی تعداد 33 ہزار 175 ہوگئی ہے۔

غزہ: (بین الاقوامی ڈیسک) اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت جاری ہے، 24 گھنٹے میں مزید 38 فلسطینی شہید ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق  شہدا کی مجموعی تعداد 33 ہزار 175 ہوگئی ہے، چار ماہ کی پُرتشدد اسرائیلی کارروائیوں کے بعد وسطی خان یونس سے اسرائیلی فوج نے انخلا شروع کر دیا، جس کے بعد فلسطینیوں کی بھی اپنے گھروں کو واپسی ہو رہی ہے۔ ادھر اسرائیلی وزیراعظم نے تازہ بیان دیا کہ انہوں نے رفح میں زمینی آپریشن کے لیے تیاری مکمل کرلی ہے۔

رپورٹس کے مطابق سرحدی علاقے رفح میں لاکھوں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب حماس اور اسرائیل کے درمیان مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں مذاکرات جاری ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکہ مذاکرات میں حماس اور اسرائیل کو چند دنوں کے اندر جنگ بندی پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو 6 ماہ مکمل ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ جنگ 21ویں صدی کی سب سے زیادہ تباہ کن جنگوں میں سے ایک بن چکی ہے، اس جنگ کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہری شہید اور زخمی ہوئے، جبکہ غزہ کی 17 لاکھ آبادی (کل آبادی کا 70 فیصد) کو نقل مکانی کرنی پڑی۔ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں خوراک سمیت بنیادی ضروریات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے، جبکہ بنیادی شہری انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہوگیا ہے۔