پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش سے متاثر ہونے کا خطرہ

image

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی-20 میچوں پر مشتمل سیریز کا کل سے آغاز، کل سے 3 روز تک بارش کی پیشگوئی، "پاکستان کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو مستقبل میں بڑے ریکارڈ بنا سکتے ہیں۔"

راولپنڈی: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی-20 میچوں پر مشتمل سیریز کا کل سے آغاز ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ملک کے بیشتر علاقے بارشوں کی لپیٹ میں ہیں اور آج شام سے بارش برسانے والا نیا سسٹم بھی ملک میں داخل ہو رہا ہے۔ ایسے میں شائقین کرکٹ کو فکر ہے کہیں سیریز بارش میں نہ بہہ جائے۔ سیریز کے ابتدائی 3 میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جبکہ آخری 2 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ تاہم جڑواں شہروں میں کل سے 3 روز تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے باعث پنڈی میں کھیلے جانے والے ابتدائی 2 میچز جو بالترتیب جمعرات 18 اپریل اور ہفتہ 20 اپریل کو شیڈول ہیں، ان کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے، قومی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، عماد وسیم اور محمد عامر کے آنے سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے، اپنے سکواڈ سے مطمئن ہوں۔ میچ سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر محمود کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل 12 اہم میچز ہیں، بیٹنگ اور بالنگ کے پلان پر کام جاری ہے، کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ 6 جون کو پہلا ورلڈکپ میچ کھیلیں تو ہمارا بہترین اسکواڈ ہو۔

اظہر محمود نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو مستقبل میں بڑے ریکارڈ بنا سکتے ہیں، روٹیشن پالیسی کو مدِنظر رکھتے ہوئے پلیئنگ الیون بنائی جائے گی، مجھے عامر جمال کا کھیل پسند ہے، وہ بہت باصلاحیت ہیں اور مستقبل کے بڑے آل راؤنڈر ثابت ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے مزید کہا کہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عباس آفریدی سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، شاہین آفریدی سپر فٹ ہے اور ان کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، کاکول کی فٹنس سے سب مطمئن ہیں۔