ملائشین نیوی کے 2 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

image

ملائشین لوموت نیول بیس پر افسوسناک حادثہ، تربیتی مشقوں کے دوران 2 ہیلی کاپٹر ٹکرا گئے، حادثے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

کوالالمپور: (ویب ڈیسک) ملائیشین نیوی کی تربیتی مشقوں کے دوران 2 ہیلی کاپٹرز فضا میں ہی آپس میں ٹکرا کر تباہ ہو گئے ہیں۔ حادثے کے نتیجے میں دونوں ہیلی کاپٹرز میں موجود تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ ریاست پیراک میں لوموت نیول بیس پر پیش آیا ہے۔  

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹرز لوموت اسٹیڈیم کے اوپر کم اونچائی پر پرواز کر رہے تھے۔ ہیلی کاپٹرز تصادم کے بعد زمیں بوس ہوگئے اور ان میں آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دونوں ہیلی کاپٹرز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ امدادی کاموں کے دوران ملبے سے 10 جلی ہوئی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ 

حادثے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں ہو سکا تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نچلی پرواز کے دوران ایک ہیلی کاپٹر دوسرے ہیلی کاپٹر کے پچھلے روٹر بلیڈ سے ٹکرا گیا تھا۔ اس ٹکراؤ کے بعد دونوں ہیلی کاپٹرز پائلٹوں کے کنٹرول سے باہر ہو کر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہو گئے۔ ملائیشیا کی بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔