ضمنی انتخاب کے چند گھنٹے بعد فارم 47 جاری ہونا انتہائی حیرت انگیز ہے: تحریک انصاف

image

ضمنی انتخاب کے چند گھنٹے بعد فارم 47 جاری ہونا انتہائی حیرت انگیز ہے، 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد فارم 47 خلاف قانون کئی روز تک جاری نہیں ہوئے، جعلی فارم دھاندلی کے ذریعے پہلے ہی تیار کئے جا چکے تھے: تحریک انصاف

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخاب کے چند گھنٹوں کے اندر فارم 47 جاری کرنے پر تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد فارم 47 خلاف قانون کئی روز تک جاری نہیں ہوئے، ضمنی انتخاب کے چند گھنٹے بعد فارم 47 کا جاری ہونا انتہائی حیرت انگیز ہے، یہ جعلی فارم دھونس اور دھاندلی کے ذریعے پہلے ہی تیار کئے جا چکے تھے۔ ترجمان نے کہا کہ فارم 47 کے اجرا میں پھرتیاں ثبوت ہیں کہ یہ پہلے ہی تیار کیے جا چکے تھے۔

ضمنی انتخاب میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے نے متعصبانہ اور مجرمانہ کردار پر مہر لگادی، پریزائیڈنگ افسران، پولنگ ایجنٹس کے اغوا کے بعد فارم 45 پر جبری دستخط کے شواہد موجود ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ مجرمانہ سہولت کاری پر الیکشن کمیشن سمیت ذمہ داران کا محاسبہ کیا جائے، پی ٹی آئی لاقانونیت کیخلاف آئینی جدوجہد عوام کے چوری مینڈیٹ کےحصول تک جاری رکھے گی۔