عدالت نے دوسری شادی کے جرم میں قید شوہر کی سزا معطل کر دی

image

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ پشاور میں دوسری شادی کرنے پر 3 ماہ سزا کے خلاف شوہر کی اپیل پر سماعت، کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید بادشاہ نے کی، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

پشاور: (نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ پشاور میں دوسری شادی کا جرم کرنے والے شخص کی اپیل پر سماعت ہوئی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور سید بادشاہ نے کیس کی سماعت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دوسری شادی کرنے پر پہلی بیوی سے اجازت نہ لینے کے جرم میں شوہر کو 3 ماہ کی قید سنائی گئی تھی۔ 

قید کی سزا کاٹنے والے شوہر کے وکیل احمد سلیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ فیملی کورٹ نے اپیل کنندہ کو 3 ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔ اپیل کنندہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیملی کورٹ کی سزا شرعی احکامات کے منافی ہے۔ احمد سلیم ایڈووکیٹ کے مطابق مدعی خاتون نے خود شکایت نہیں کی تھی بلکہ اس نے اپنے بھائی کے ذریعے شکایت فائل کرائی تھی۔ 

اپیل کنندہ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ حتمی فیصلے تک شوہر کی سزا معطل کی جائے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد شوہر کی سزا معطل کر دی۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ 30 اپریل کو ہونے والی سماعت پر عدالت نے ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔