روزوں کو معمول بنانے سے 3 خطرناک بیماریوں سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے: طبی ماہرین

image

روزہ شوگر کنٹرول کرنے میں مددگار، روزے کے اثرات جاننے کیلئے ماہرین کی 200 سے زیادہ رضاکاروں پر تحقیق، مطالعہ میں شامل ایک گروپ کو 16 سے 20 گھنٹے کے بعد غذائیں کھانے کی ہدایت دی گئی۔ 

نیویارک: (ویب ڈیسک) ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزوں کو معمول بنانے سے 3 خطرناک بیماریوں سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل بھی متعدد تحقیقات سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے روزے سے شوگر کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ طبی جریدے نیچر میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق 3 ماہ تک روزوں کی حالت میں رہنے سے بلڈ شوگر پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

روزے کے اثرات جاننے کیلئے ماہرین نے 200 سے زیادہ رضاکاروں پر 6 ماہ تک تحقیق جاری رکھی۔ تحقیق کے دوران رضاکاروں کو 3 مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ کے رضاکاروں کو 16 سے 20 گھنٹے کے وقفے کے بعد غذائیں کھانے کی ہدایات کی گئی، جبکہ دوسرے گروپ کو ہر وقت مخصوص غذائیں کھانے کا کہا گیا۔ تیسرے گروپ کے افراد کو وزن کم کرنے کیلئے مخصوص غذاؤں کو مخصوص اوقات میں کھانے کی ہدایت کی گئی۔ 

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ تینوں گروپس کے رضاکاروں میں بلڈ شوگر میں کمی واقع ہوئی، تاہم روزے رکھنے والے رضاکاروں میں اس کی نمایاں کمی ہوئی اور بعض افراد میں بلڈ شوگر ختم ہو گیا۔ ماہرین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ روزوں کو معمول بنانے سے 3 خطرناک بیماریوں بلڈ شوگر، کولیسٹرول اور بلڈ پریشر سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔