سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس میں نئی تبدیلیوں کا اعلان

image

مخصوص اکاؤنٹس کو پریمیئم فیچرز تک مفت رسائی، ڈھائی ہزار سے زائد ویریفائیڈ فالوورز والے اکاؤنٹس کو ممکنہ طور پر بلیو ٹک استعمال کرنے کا موقع ملے گا، ان اکاؤنٹس کو اشتہارات بھی 50 فیصد کم دکھائے جاتے ہیں۔ 

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس میں کچھ نئی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ ایلون مسک نے ایکس پر ایک پوسٹ میں سبسکرپشن پروگرام کے حوالے سے نئی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ ان تبدیلیوں سے مخصوص اکاؤنٹس ماہانہ فیس ادا کیے بغیر ہی پریمیئم فیچرز کو مفت استعمال کر سکیں گے۔ 

ایسے مخصوص اکاؤنٹس جن کو ڈھائی ہزار سے زائد ویریفائیڈ اکاؤنٹس فالو کر رہے ہوں گے ان اکاؤنٹس کو ممکنہ طور پر بلیو ٹک استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔ ان تمام ایکس اکاؤنٹس کو پریمیئم فیچرز تک مفت رسائی بھی ہو گی۔ اسی طرح 5 ہزار ویریفائیڈ فالوورز والے اکاؤنٹس کو پریمیئم پلس کے فیچرز تک مفت رسائی دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایکس پریمئیم کی سبسکرپشن کی ماہانہ فیس 2 ہزار 2 سو 50 روپے ہے جس کے صارفین کو متعدد خصوصی فیچرز جیسے ایڈٹ پوسٹس، طویل پوسٹس اور ویڈیو، ان ڈو پوسٹنگ، بیک گراؤنڈ ویڈیو پلے بیک، ویڈیو ڈاؤن لوڈ اور دیگر تک رسائی ملتی ہے۔ ان اکاؤنٹس کو اشتہارات بھی 50 فیصد کم دکھائے جاتے ہیں، جبکہ پریمیئم پلس کے صارفین کو اشتہارات بالکل دکھائے نہیں جاتے۔