سعودی وفد کی صدر آصف زرداری سے ملاقات

image

دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون پر تبادلۂ خیال، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی وفد نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا ہے۔ 

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) سعودی وزیرِ خارجہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی سعودی وفد نے ایوان صدر اسلام آباد میں صدر آصف زرداری سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔ سعودی وفد سے ملاقات کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں۔ 

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام خادمین حرمین شریفین کیلئے انتہائی احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے۔ صدر زرداری نے شہزادہ محمد بن سلمان کی ویژن 2030ء کے تحت ہونے والی قابل ذکر پیشرفت کو سراہا۔ دوران ملاقات سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ملک کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں۔ 

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کیلئے سعودی عرب پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کا اہم کردار ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں نے غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی اور اسرائیلی مظالم بند کرنے پر زور دیا ہے۔ اس کے علاؤہ فریقین کے درمیان علاقائی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا ہے۔