وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات

image

ملاقات میں علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کیلئے مربوط کوششوں پر زور دیا۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔ سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچے جہاں وزیرِ اعظم شہبازشریف نے سعودی وزیرِ خارجہ کا استقبال کیا، اس موقع پر شہبازشریف کے ہمراہ وزیرخارجہ اور دیگر کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا، مزید طے پایا کہ پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے پلیٹ فارم سے کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر سعودی وزیرخارجہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے سعودی عرب کے کلیدی کردار کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودیہ عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جس کی نظیر نہیں ملتی، سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔