ماہ رمضان میں جسم کو پانی کی کمی سے بچانے والی غذائیں

image
لوکی 90 فیصد پانی سے بھرپور، موسم گرما کا پھل پپیتا جسم سے پانی کی کمی کو دور کرنے میں مددگار، تربوز میں موجود 92 فیصد پانی جسم کو مناسب ہائیڈریشن دیتا ہے۔ 
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ماہ رمضان میں دن بھر کی بھوک پیاس اور خشکی کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ماہ رمضان میں ایسی غذاؤں کا انتخاب کرنا چاہیئے جو پانی کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوں۔ آج ہم کچھ ایسے پھلوں اور سبزیوں کے بارے میں بات کریں گے جنھیں خوراک کا حصہ بنا کر جسم کو ہائیڈریٹ رکھا جا سکتا ہے۔
لوکی میں 90 فیصد تک پانی ہوتا ہے اور اس میں کاربوہائیڈریٹ قطعی طور پر موجود نہیں ہے لہٰذا روزوں میں اسے بھی غذا کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ لوکی میں بہت سی قسم کے پروٹین، وٹامن اور نمکیات پائے جاتے ہیں۔ لوکی کو بطور جوس یا کھیر بنا کر بھی کھایا جا سکتا ہے۔ موسم گرما کا پھل پپیتا جسم سے پانی کی کمی کو بھی دور کرتا ہے، پپیتے میں وٹامن اے، سی اور بی، کیلشیئم ، آئرن اور فاسفورس موجود ہوتے ہیں۔
تربوز نہ صرف ذائقے میں اچھا ہوتا ہے بلکہ یہ جسم کو بہت سے طریقوں سے غذائیت بھی فراہم کرتا ہے۔ اس میں 92 فیصد پانی ہوتا ہے جو جسم کو مناسب ہائیڈریشن دیتا ہے۔ اس کے علاؤہ تربوز میں بہت سارے غذائی اجزاء جیسے وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن بی1، وٹامن بی 5، وٹامن بی 6، پوٹاشیم اور میگنیشیم شامل ہوتے ہیں۔