زیتون کے تیل میں درد کو دور کرنے والی دواؤں جیسا اثر

image
زیتون کا تیل بحیرہ روم کے علاقے کی خوراک کا لازمی جزو، 50 گرام زیتون کا تیل بروفن کی ایک خوراک کے دسویں حصے جتنا مؤثر، زیتون میں متعدد بائیو ایکٹو مرکبات پائے جاتے ہیں۔ 
نیویارک: (ویب ڈیسک) زیتون کا تیل بحیرہ روم کے علاقے کی خوراک کا لازمی جزو ہے اور اسے صحت کیلئے انتہائی مفید سمجھا جاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق زیتون کے تیل میں درد کو دور کرنے والی دواؤں جیسا اثر موجود ہوتا ہے۔ زیتون کے استعمال سے جسم میں دل کی بیماریوں، چھاتی کے سرطان اور پھیپھڑوں کے کینسر جیسی موذی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔
امریکہ میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق زیتون کے تیل میں موجود ایک کیمیائی مادہ درد کی شدت کم کرنے والی دواؤں جیسا اثر رکھتا ہے۔ 50 گرام زیتون کا تیل بروفن کی ایک خوراک کے دسویں حصے کے برابر اثر پذیر ہے۔ زیتون کے تیل کا فائدہ یہ ہے کہ سوز و سوجن ختم کرتا ہے۔
برٹش نیوٹریشن فاؤنڈیشن سے تعلق رکھنے والی سائنس دان کلیئر ولیمسن کا کہنا ہے کہ زیتون میں متعدد بائیو ایکٹو مرکبات پائے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا ہمیں یقین ہے زیتون اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کا حامل ہے، لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ وہ ایک دوا کا نعم البدل ہے۔