بی آر ٹی ٹھیکیداروں کے اکاؤنٹس منجمد

image

پشاور بی آر ٹی منصوبے میں بے قاعدگیاں، احتساب عدالت نے ٹھیکیداروں کے کمرشل پلاٹس اور اکاؤنٹس فریز کرنے کا حکم دے دیا، نیب پہلے ہی ان اکاؤنٹس کو منجمد کر چکی تھی۔

پشاور: (نیوز ڈیسک) بی آر ٹی اسکینڈل سے متعلق احتساب عدالت نے بڑا فیصلہ جاری کر دیا ہے جس میں ملوث ٹھیکے داروں کے 75 بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے علاؤہ 2 رہائشی پلاٹس سیل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ احتساب عدالت کے جج محمد یونس نے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کے احکامات کی توثیق کرتے ہوئے احکامات جاری کیے۔

کیس کی سماعت کے موقع پر نیب کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل محمد علی اور پراسیکیوٹر مانک شاہ پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ بی آر ٹی اسکینڈل میں نیب تحقیقات کر رہی ہے۔ اس ضمن میں ٹھیکداروں کے 75 بینک اکاؤنٹس اور 2 کمرشل پلاٹس کو منجمد کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں تمام کارروائی مکمل کی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات کو مزید بڑھانے کے لیے ان اکاؤنٹس کو منجمد کیا گیا ہے۔

اس موقع پر مقبول اور کیلسنز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹھیکدار انٹرنیشنل اربیٹریشن میں چلے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان اکاؤنٹس کو فریز کرنا غیر قانونی ہے۔ ڈی جی نیب کے پاس اختیار نہیں اور اس پراجیکٹ کے تیسرے غیر ملکی کنٹریکٹر کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد نیب اقدامات کی توثیق کر دی۔