ملک بھر میں خواتین ججز کے اعداد و شمار جاری

image

اسلام آباد لاء اینڈ جسٹس کمیشن نے رپورٹ جاری کر دی، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس میں صرف 7 خواتین ججز تعینات ہیں، ضلعی عدالتوں میں خواتین ججز کی تعداد 565 ہے۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) اسلام آباد لاء اینڈ جسٹس کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں تعینات خواتین ججز کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں خواتین ججز کی تعداد صرف 7 ہے۔ ملکی سطح پر خواتین ججز کی تعداد مجموعی طور پر 18 فیصد ہے۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کی اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی کل تعداد 126 ہے۔ رپورٹ کے مطابق ضلعی عدالتوں میں مرد ججز کی تعداد 2451 جبکہ خواتین ججز کی تعداد 565 ہے۔ اسی طرح پاکستان میں وکلاء کی تعداد 2 لاکھ 30 ہزار 897 ہے جن میں 40 ہزار خواتین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں خواتین پراسیکیوٹرز کی تعداد 341 ہے۔ 

دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد ابراہیم نے بڑا دعویٰ کر دیا ہے۔ چیف جسٹس محمد ابراہیم کے کمرہ عدالت میں ختم قرآن کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ جو یہ کہتا ہے کہ انصاف نہیں ہوا تو قیامت کے دن میں ان کو اپنی سب سے بہتر نیکی دینے کیلئے تیار ہوں۔