گوشت کی متبادل پروٹین سے بھرپور غذائیں

image

دالیں پروٹین کے حصول کا ایک بہترین ذریعہ، سویابین میں بھی پروٹین وافر مقدار میں موجود، تل، السی کے بیج، سورج مکھی یا خربوزے وغیرہ کے بیجوں میں موجود فیٹس خاص طور پر دماغی صحت کیلئے بہت مفید ہوتے ہیں۔ 

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ گوشت پروٹین کے حصول کا ایک اہم ذریعہ ہے، تاہم کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو کسی بھی وجہ سے گوشت نہیں کھا سکتے۔ آج ہم ایسی غذاؤں کے بارے میں جانیں گے جنھیں گوشت کے متبادل کے طور پر استعمال کر کے وافر مقدار میں پروٹین حاصل کی جا سکتی ہے۔ زمین سے اگنے والے کئی اجناس ایسی ہیں جن سے پروٹین کی ضروری مقدار کو باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

زمین سے اگنے والے کالے اور سفید رنگ کے چنوں میں پروٹین وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ چنوں کو مختلف طریقوں سے کھانے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ دالیں بھی پروٹین کے حصول کا ایک بہترین ذریعہ ہیں اور ان میں آئرن اور دیگر ضروری غذائی اجزاء بھی موجود ہوتے ہیں۔

سویابین میں بھی پروٹین وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے سویابین کو ابال کر یا بھون کر کھایا جا سکتا ہے۔ یونانی دہی بھی پروٹین کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے اور یہ پروبائیوٹک بھی ہے۔ مونگ پھلی میں پروٹین کی موجودگی کے ساتھ ساتھ ایک ایسا فیٹ بھی موجود ہوتا ہے جو صحت کیلئے کافی مفید ہوتا ہے۔

اس کے علاؤہ تل، السی کے بیج، سورج مکھی یا خربوزے وغیرہ کے بیجوں میں فیٹس موجود ہوتے ہیں۔ یہ فیٹس خاص طور پر دماغی صحت کیلئے بہت فائدے مند اور ضروری ہوتے ہیں۔ سبز پتوں والی سبزی پالک میں بھی پروٹین کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔