وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی حکام سے ملاقات

image

پاک امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، ملاقات واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے ہیڈکوارٹرز میں ہوئی، پاکستان یو ایس انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی حکام کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے ہیڈکوارٹرز میں ہوئی۔ امریکہ کے جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے معاون وزیرِ خارجہ ڈونلڈ لو اور امریکی محکمہ خارجہ کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری الزبتھ ہورسٹ نے ملاقات میں شرکت کی۔ 

وزیر خزانہ نے امریکی عہدیداران کو پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران پاک امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔ متبادل توانائی، زراعت، آب و ہوا اور ٹیک انڈسٹری کے معاملات بھی زیر غور رہے۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری کو اپ گریڈ کرنے پر زور دیا ہے۔

وزیرخزانہ نے آئی ٹی، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بھی گفتگو کی۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا، توانائی کے شعبے کو ہموار اور نجکاری ترجیح ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان یو ایس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔